|
ملاکنڈ ڈویژن و دیگر اضلاع کی بحالی کے لیے 250ارب دینے کا فیصلہ |
|
|
|
|
چترال ٹوڈے: سرحد حکومت کی درخواست پر وفاقی حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں بحالی کے کام کے لیے 250ارب روپے پر مشتمل ترقیاتی پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ سرحد امیرحیدر خان ہوتی کی خصوصی درخواست پر اور صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے ملاقاتوں میں ان سے سرحد کے لیے خصوصی پیکج کا مطالبہ کیا تھا جس پر وفاق کی جانب سے مجموعی طور پر 250ارب روپے سے زائد کی مالیت کے ترقیاتی پیکج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ اور منصوبہ بندی کمیشن نے اس پیکج سے سرحد حکومت کو اگاہ کردیا ہے تاہم باوثوق ذرائع نے بتا یا ہے کہ سرحد حکومت نے ڈھائی سو ارب روپے کی رقم کو کم قرار دیا ہے ۔ ترقیاتی پیکج کے تحت صوبہ سرحد کے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں متاثرہ صنعتوں کو قرضوں کی ری شیڈولنگ، سود کی معافی ، ٹیکسوں میں مراعات اور صنعتوں کی بحالی کے لیے آسان شرائط اور رعایتی سود پر نئے قرضوں کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیگی ذرائع نے بتایا ہے کہ ترقیاتی پیکج کی تیاری کے لیے منصوبہ بندی کمیشن کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
|